اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پارا چنار دھماکے میں شہید ہونے والے 24 افراد کی تدفین ان کے علاقوں میں کردی گئی۔ تدفین کے دوران انتہائی رقت کے کئی مناظر دیکھنے کو ملے۔ سیاسی اور قبائلی رہنماوں کی اپیل پر کرم ایجنسی میں تین روزہ سوگ منایا جارہا ہے، شہر کے تمام کاروباری مراکز بند رہے۔ دو روز قبل پارا چنار میں عید گاہ گیٹ پر دھماکے میں بے گناہ افراد کی اموات کے بعد پورے شہر کی فضا سوگوار ہے۔ پوری ایجنسی کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہیں۔ نماز جنازہ کے بعد آہوں اور سسکیوں کے ساتھ دھماکے میں شہید افراد کی تدفین کرم ایجنسی کے مختلف علاقوں میں کردی گئی۔ جبکہ زخمیوں کو ایجنسی ہیڈکوارٹر اسپتال پارا چنار اور لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ واقعے کے خلاف قبائلیوں نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ قیام امن کے لیے حکومت اور فورسز کے ساتھ ہرمحاذ پر شانہ بشانہ تعاون جاری رہے گا۔ امن و امان میں خلل ڈالنے والی ہر سازش کو ناکام بنادیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲